واپڈا نے چناب پر سیلاب سے بچاؤ کے لیے چار ڈیم بنانے کا منصوبہ بنایا ہے تاکہ پانی ذخیرہ کیا جا سکے۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) واپڈا نے چناب پر چار ڈیم بنانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ سیلاب کی تباہ کاریوں سے بچا جا سکے۔ حکام کے مطابق یہ منصوبہ تقریباً تین سو ارب روپے کی لاگت سے چار سال میں مکمل کیا جائے گا۔ اضافی پانی کو ڈیمز میں ذخیرہ کر کے سیلابی صورتحال پر قابو پایا جائے گا جبکہ 45 لاکھ ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ اور 330 میگا واٹ بجلی پیدا ہو سکے گی۔
دستاویزات کے مطابق چنیوٹ اور شاہ جیوانہ ڈیمز سے 80،80 میگا واٹ بجلی پیدا ہو گی۔ بھارت کے مون سون سیزن میں دریائے چناب میں اچانک پانی چھوڑنے سے کھڑی فصلوں اور املاک کو نقصان پہنچتا ہے۔
واپڈا حکام کا کہنا ہے کہ خشک سالی کے دوران بھارت دریائے چناب کا پانی اچانک روک لیتا ہے، جس کے باعث مستقبل میں سیلاب اور قلت آب سے نمٹنے کے لیے یہ منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ سیلابی صورتحال یا پانی کی کمی کی صورت میں یہ ڈیمز موزوں ثابت ہوں گے۔














