ہارورڈ میڈیکل اسکول کی تحقیق میں جوان افراد میں کینسر کے 6 اقسام کے بڑھتے کیسز کی نشاندہی کی گئی ہے، جس کی وجوہات میں موٹاپا اور مغربی غذائیں شامل ہیں۔
نیویارک: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ہارورڈ میڈیکل اسکول کی نئی تحقیق میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ امریکا سمیت 5 ممالک میں کینسر کے 6 اقسام جوان افراد میں تیزی سے پھیل رہے ہیں۔ یہ تحقیق دو بڑے کینسر ڈیٹا بیسز کے تجزیے پر مبنی ہے، جس کے مطابق 50 سال سے کم عمر افراد میں کینسر کیسز میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
تحقیق کے مطابق 2000 سے 2017 کے دوران 10 ممالک میں 50 سال سے کم عمر کے افراد میں کینسر کی 13 اقسام کے کیسز بڑھے ہیں۔ ان میں آنتوں، لبلبے، مثانے، گردوں، خون اور سرویکل کینسر شامل ہیں جو معمر افراد کے مقابلے میں جوان افراد میں زیادہ تیزی سے سامنے آ رہے ہیں۔
محققین کے مطابق 2030 تک 20 سے 34 سال کی عمر کے افراد میں آنتوں کے کینسر کی شرح میں 90 فیصد جبکہ 35 سے 49 سال کی عمر کے افراد میں 46 فیصد تک اضافے کا امکان ہے۔ موٹاپا، مغربی غذاؤں کا استعمال اور جسمانی سرگرمیوں کی کمی کو کینسر کے پھیلاؤ کی بڑی وجوہات بتایا گیا ہے۔
تحقیق کے نتائج جرنل ملٹری میڈیکل ریسرچ میں شائع ہوئے ہیں، جس سے عالمی سطح پر کینسر کے پھیلاؤ کی شرح میں تشویشناک اضافے کا عندیہ ملتا ہے۔















