نیپرا نے خبردار کیا ہے کہ کمزور پاور ٹرانسمیشن نظام سے بجلی کی قیمت میں اضافہ ہو رہا ہے اور مہنگے پاور پلانٹس کے چلانے کی ضرورت پیش آ رہی ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان کا کمزور پاور ٹرانسمیشن نظام صارفین کے لیے بجلی کی قیمت میں اضافہ کر رہا ہے۔ نیپرا کی مالی سال 2024-25 کی رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ اوورلوڈ گرڈ اسٹیشنز، تاخیر شدہ منصوبے اور ناقص رابطے مہنگی بجلی کی پیداوار کا باعث بن رہے ہیں۔
نیپرا نے کہا کہ کے الیکٹرک کے این ٹی ڈی سی سے کمزور روابط سستی قومی بجلی کی فراہمی میں رکاوٹ بن رہے ہیں، جو اکنامک میرٹ آرڈر کے اصول کو متاثر کرتے ہیں۔ اس کے نتیجے میں مہنگے پاور پلانٹس کو چلانا پڑ رہا ہے، جس کا براہ راست اثر گھریلو اور صنعتی صارفین کے بجلی کے بلوں پر پڑ رہا ہے۔
ریگولیٹر نے نشاندہی کی کہ کئی گرڈ اسٹیشنز اور پاور ٹرانسفارمرز اپنی گنجائش کے 80 فیصد سے زائد بوجھ پر چل رہے ہیں، جس سے وولٹیج میں عدم استحکام اور آلات کو نقصان کا خطرہ بڑھ رہا ہے۔














