ایس ای سی پی نے غیر ملکی کمپنیوں کے انخلا کی خبروں کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں 1157 غیر ملکی کمپنیاں رجسٹرڈ ہیں اور صرف 19 کمپنیاں بند ہوئیں۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے پاکستان میں غیر ملکی کمپنیوں کے انخلا کی خبروں کو غلط قرار دیا ہے۔ کمیشن نے وضاحت کی کہ پاکستان میں 1157 غیر ملکی کمپنیاں رجسٹرڈ ہیں اور صرف 19 کمپنیاں مختلف وجوہات کی بنا پر بند ہوئیں۔
ایس ای سی پی نے واضح کیا کہ حالیہ رپورٹس میں غیر ملکی کمپنیوں کی بندش کے اعداد و شمار کو غلط طور پر پیش کیا جا رہا ہے۔ پاکستان میں غیر ملکی کمپنیوں کی موجودگی سرمایہ کاری کے ماحول پر اعتماد کو ظاہر کرتی ہے۔ پچھلے ایک ماہ میں 82 مقامی کمپنیوں میں غیر ملکی سرمایہ کاری ہوئی، جو چین، امریکا، برطانیہ اور دیگر ممالک سے آئی۔
ایس ای سی پی کے مطابق 2022 سے 2025 کے دوران 79 نئی غیر ملکی کمپنیاں پاکستان میں رجسٹرڈ ہوئیں، جبکہ 19 کمپنیاں اپنی سرگرمیاں بند کر چکی ہیں۔ میڈیا رپورٹس میں ذکر کردہ 155 کمپنیاں، 1977 سے بند ہونے والی کمپنیوں کی مجموعی تعداد کی نمائندگی کرتی ہیں۔














