وزیراعظم شہباز شریف 2 سے 5 مارچ تک روس کا دورہ کریں گے، جہاں وہ ماسکو اور سینٹ پیٹرزبرگ میں اہم ملاقاتیں کریں گے۔
ماسکو: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کے دورہ روس کا حتمی شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔ شہباز شریف 2 سے 5 مارچ تک روس کا سرکاری دورہ کریں گے، جس میں وہ ماسکو اور سینٹ پیٹرزبرگ جائیں گے۔ ان کے ہمراہ وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان، وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ اور ایک اعلیٰ سطحی حکومتی و کاروباری وفد بھی شامل ہوگا۔
2 مارچ کو وزیراعظم ماسکو پہنچیں گے جہاں ان کا باضابطہ استقبال ہوگا۔ 3 مارچ کو وہ گمنام سپاہی کی یادگار پر پھول چڑھائیں گے اور کریملن میں روسی صدر ولادیمیر پوتن سے ملاقات کریں گے۔ اس ملاقات میں پاک۔روس سٹریٹجک شراکت داری، توانائی، تیل و گیس اور تجارتی تعاون پر مشاورت ہوگی۔
3 مارچ کی شام کو وزیراعظم پاکستانی طلبہ کے ساتھ افطار کریں گے اور خطاب کریں گے۔ 4 مارچ کو وہ پاک۔روس بزنس فورم میں شرکت کریں گے جہاں 90 پاکستانی کمپنیاں موجود ہوں گی۔
4 مارچ کی شام کو پاکستانی وفد سینٹ پیٹرزبرگ روانہ ہوگا۔ 5 مارچ کو سینٹ پیٹرزبرگ میں اعلیٰ سطحی ملاقاتیں اور چرچ آف دی سیویئر آن اسپلڈ بلڈ کا دورہ کریں گے۔
دورہ 5 مارچ کو مکمل ہوگا جب وزیراعظم وفد کے ہمراہ پاکستان واپس روانہ ہوں گے۔











