پاکستانی برآمدات میں 7 ماہ کے دوران 1.34 ارب ڈالر کی کمی، غذائی اجناس کی برآمدات میں بھی 35 فیصد کمی ہوئی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستانی مصنوعات کی برآمدات میں پہلے سات ماہ کے دوران 7.11 فیصد یا 1.34 ارب ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
دستاویزات کے مطابق جولائی سے جنوری تک ملکی برآمدات 19.58 ارب ڈالر سے کم ہوکر 18.19 ارب ڈالر رہ گئیں۔ جنوری 2026 میں ملکی برآمدات 35 فیصد بڑھ کر 3 ارب ڈالر سے زائد رہیں جبکہ ٹیکسٹائل برآمدات میں 3.14 فیصد اور مینوفیکچرنگ آلات کی برآمدات میں 12.73 فیصد اضافہ ہوا۔
غذائی اجناس کی برآمدات میں 35 فیصد یا 1.62 کروڑ ڈالر کی کمی آئی، اور اس دوران فوڈ ایکسپورٹس 4.61 ارب ڈالر سے کم ہوکر 2.98 ارب ڈالر رہ گئیں۔ چاول، آئل سیڈز، سبزیاں، گڑ، مصالحے، تمباکو، اور کاٹن مصنوعات کی برآمدات میں بھی کمی دیکھی گئی۔
رپورٹ کے مطابق پیٹرولیم، سرجیکل و طبی آلات، لیدر مصنوعات، کیمیکلز، ادویات، کٹلری اور دیگر مصنوعات کی برآمدات میں کمی ریکارڈ کی گئی۔
ٹیکسٹائل برآمدات میں 1.25 فیصد یا 13 کروڑ 45 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا جبکہ مینوفیکچرنگ آلات کی برآمدات کا حجم 2.38 ارب ڈالر رہا۔ آٹو پارٹس، سیمنٹ، انجینئرنگ گڈز اور دیگر مصنوعات کی برآمدات میں اضافہ ہوا، جبکہ گندم، مچھلی اور پھلوں کی برآمدات بھی بڑھ گئیں۔














