پیٹرولیم مصنوعات میں سستا کیمیکل ملا کر مہنگے داموں بیچنے پر پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے وفاقی حکومت کو خبردار کیا ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پیٹرولیم مصنوعات میں سستا کیمیکل ملا کر مہنگے داموں بیچے جانے کا انکشاف ہوا ہے، جس پر پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے وفاقی حکومت کو آگاہ کر دیا ہے۔ ایسوسی ایشن نے وزیر پیٹرولیم اور چیئرمین اوگرا کو خط لکھا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ سالونٹ آئل مخصوص صنعتی کاموں کے لیے تیار کیا جاتا ہے، لیکن اس کو پیٹرول اور ڈیزل میں ملا کر ناجائز منافع کمایا جا رہا ہے۔ یہ آئل گاڑیوں کے انجن کے لیے نقصان دہ ہے اور کیمیکل ملے پیٹرول کی فروخت سے قانونی پٹرول پمپ مالکان کو مالی نقصان ہو رہا ہے۔
پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے نشاندہی کی ہے کہ حکومت کو بھی ٹیکس کی مد میں بڑا نقصان ہو رہا ہے۔ سالونٹ آئل مضر صحت ہے اور کینسر کا باعث بن سکتا ہے۔ ایسوسی ایشن نے ذرائع کی تحقیقات، مقامی ریفائنریز کی پیداوار اور فروخت کے ڈیٹا کی نگرانی کی تجویز دی ہے۔
خط میں درآمد شدہ سالونٹ آئل کی کسٹمز کلیئرنس، خریداروں اور تقسیم کے ریکارڈ کی کڑی نگرانی اور پیداوار و درآمد کا فوری آڈٹ کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ ترسیل اور ذخیرہ کی سخت نگرانی، انسپیکشن اور لیبارٹری ٹیسٹنگ کو بھی موثر بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔














