مریم نواز نے مادری زبانوں کی حفاظت اور فروغ کے لیے کردار ادا کرنے کا عزم ظاہر کیا، انہوں نے کہا زبان قوموں کی شناخت کا ذریعہ ہوتی ہے۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مادری زبانوں کی حفاظت اور فروغ کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے مادری زبان کے عالمی دن کے موقع پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ زبان قوموں کی شناخت کا ذریعہ ہوتی ہے۔ ڈیجیٹل دنیا میں بھی مادری زبان کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔
انہوں نے کہا کہ مادری زبان میں تعلیم بچوں کی ذہنی نشوونما پر مثبت اثر ڈالتی ہے اور یہ قومی شناخت اور ثقافتی ورثے کی علامت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مادری زبان کا تحفظ ثقافتی خودمختاری کی ضمانت ہے، اور پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف لینگویج آرٹ اینڈ کلچر کو مزید فعال کیا گیا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب حکومت مادری زبانوں کی ترقی اور ترویج کے لیے پُرعزم ہے۔ وہ نئی نسل کو اپنی مادری زبان کے ساتھ جوڑنے کے لیے مختلف اقدامات کر رہی ہیں تاکہ وہ اپنی ثقافت اور تاریخ سے واقف رہیں۔















