رمضان میں خواتین کی صحت کے لیے اہم نکات

رمضان میں خواتین کو صحت مند رہنے کے لیے متوازن سحری، ہلکی افطاری، مناسب آرام اور روحانی سکون کا خیال رکھنا چاہیے۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک

کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) رمضان المبارک روحانی تقویت کا مہینہ ہے، لیکن خواتین کے لیے اس دوران اپنی صحت کا خیال رکھنا بھی نہایت اہم ہے۔ روزے کے ساتھ گھریلو ذمہ داریاں، عبادات اور دیگر مصروفیات صحت پر اثر ڈال سکتی ہیں۔ یہاں کچھ مفید نکات دیے جا رہے ہیں تاکہ خواتین رمضان میں تندرست اور متحرک رہیں۔

سحری چھوڑنا ہرگز مناسب نہیں۔ ایسی غذا کھائیں جو دیر تک توانائی فراہم کرے، جیسے دلیہ، دہی، انڈے، دودھ، کھجور اور فائبر سے بھرپور غذائیں۔ چائے اور کیفین والے مشروبات کم مقدار میں لیں تاکہ دن بھر پانی کی کمی نہ ہو۔

افطار میں تلی ہوئی اشیا کے بجائے کھجور، پھل، دہی، اور گھر کے بنے سادہ مشروبات کو ترجیح دیں۔ پانی کی مناسب مقدار لیں تاکہ جسم میں ہائیڈریشن برقرار رہے۔

خواتین عموماً رمضان میں نیند پوری نہیں کر پاتیں، جس سے تھکن اور کمزوری ہو سکتی ہے۔ سونے کا ایک منظم معمول بنائیں اور دن میں اگر ممکن ہو تو کچھ دیر آرام کریں۔

لمبے سجدے اور نوافل قدرتی طور پر ایک بہترین روحانی سکون کا زریعہ ہیں اور ورزش کے فوائد بھی ملتے ہیں۔ اگر ممکن ہو تو ہلکی پھلکی واک بھی کریں تاکہ جسم چست رہے اور ہاضمہ بہتر ہو۔

رمضان صرف جسمانی صحت کا ہی نہیں بلکہ ذہنی و روحانی سکون حاصل کرنے کا بھی مہینہ ہے۔ ذکر، دعا اور مثبت سوچ کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنائیں تاکہ دل و دماغ کو سکون ملے۔ یہ معمولی مگر مؤثر اقدامات آپ کو رمضان میں تندرست اور توانا رکھنے میں مدد دیں گے۔

دیگر متعلقہ خبریں