قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی اور ہاکی اولمپئینز نے قومی ہاکی کی تباہی کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کی رکن سیدہ شہلا رضا اور ہاکی کے اولمپئینز نے قومی کھیل ہاکی کو تباہی کے دہانے پر پہنچانے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
پریس کانفرنس میں مقررین نے کہا کہ قومی کھیل کو تباہ کرنے والے عناصر کے خلاف شفاف تحقیقات کر کے ذمہ داران کو قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ کھیل کو سیاست سے دور رکھا جائے اور قومی مفادات کو اہمیت دی جائے۔
شہلا رضا نے وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی جانب سے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے نااہل عہدے داران کو برطرف کرنے کے اقدام کو سراہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف بھی کارروائی کی جائے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اور پاکستان اسپورٹس بورڈ کا کردار بھی مشکوک ہے۔ مقررین نے مطالبہ کیا کہ حکومت کھیلوں کے لیے زہر قاتل عناصر کے خلاف تحقیقات کرائے اور ذمہ داران کو سخت سزائیں دی جائیں۔















