محی الدین وانی کو پاکستان ہاکی فیڈریشن کا عبوری صدر مقرر کیا گیا اور قومی ٹیم کے کپتان عماد بٹ کی پابندی ختم کر دی گئی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سیکریٹری بین الصوبائی رابطہ محی الدین وانی کو پاکستان ہاکی فیڈریشن کا ایڈہاک صدر مقرر کر دیا گیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ہاکی فیڈریشن میں بدانتظامی کا نوٹس لیتے ہوئے سابق صدر کا استعفیٰ منظور کر لیا۔
محی الدین وانی نے عہدہ سنبھالتے ہی قومی ہاکی ٹیم کے کپتان عماد بٹ پر عائد دو سالہ پابندی ختم کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہاکی کی بحالی اور قومی کھیل کی عظمت واپس لانے کے لیے ادارے کی مضبوطی اور ٹیم مینجمنٹ کی ازسرِ نو تشکیل پر کام کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کھلاڑیوں کو کھیل پر توجہ دینے کی ضرورت ہے جبکہ انتظامی و مالی امور فیڈریشن سنبھالے گی۔ کوچنگ اور تربیت کے نظام میں بہتری لانے کے ساتھ ساتھ ہاکی کی ترقی کے لیے پرائیویٹ سیکٹر سے شراکت داری قائم کی جائے گی۔
ہاکی فیڈریشن میں شفاف اور جمہوری انتخابات کرائے جائیں گے تاکہ نئی قیادت منتخب ہو سکے اور تمام ادارے قومی کھیل کی بحالی کے لیے ایک پیج پر ہوں۔















