غزہ بورڈ آف پیس اجلاس میں پاکستان کو عالمی سطح پر غیر معمولی پذیرائی ملی، وزیراعظم شہباز شریف نے فلسطینی کاز بھرپور انداز میں پیش کیا۔
واشنگٹن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ غزہ بورڈ آف پیس کے اجلاس میں پاکستان کو غیر معمولی پذیرائی حاصل ہوئی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے فلسطینی کاز بھرپور انداز میں پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امن کوششوں میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔ یہ پاکستان کے لیے باعث فخر ہے کہ صدر ٹرمپ نے بورڈ آف پیس کے افتتاحی اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تعریف کی۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر ایک اہم ملک کے طور پر ابھر رہا ہے، اور یہ خارجہ پالیسی کی کامیابی ہے کہ ملک کو بین الاقوامی سطح پر عزت اور احترام مل رہا ہے۔
وزیراعظم نے اجلاس میں کہا کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے ایک آزاد فلسطینی ریاست کا قیام ناگزیر ہے۔ انہوں نے فلسطینی مؤقف کو مضبوط اور مدلل انداز میں پیش کیا۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان ماضی میں سفارتی تنہائی کا شکار تھا، تاہم اب ہر بڑے عالمی معاملے میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب قیادت دیانتدار ہو تو نتائج ہمیشہ مثبت برآمد ہوتے ہیں۔













