ایران نے یورینیم افزودگی کے حق کو ناقابل تنسیخ قرار دیا، امریکہ نے فوجی کارروائی کا اشارہ دیا۔
تہران: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ایران کے جوہری توانائی ادارے کے سربراہ محمد اسلامی نےکہا ہے کہ کوئی بھی ملک ایران کو یورینیم افزودگی کے حق سے محروم نہیں کر سکتا۔ ان کے مطابق جوہری صنعت کی بنیاد افزودگی پر ہے اور ایران کا پروگرام بین الاقوامی قواعد کے مطابق آگے بڑھ رہا ہے۔
یہ بیان جنیوا میں ایران اور امریکہ کے درمیان عمان کی ثالثی میں ہونے والے مذاکرات کے بعد سامنے آیا۔ مذاکرات کا یہ دوسرا دور تھا، جس سے پہلے 6 فروری کو بھی بات چیت ہوئی تھی۔
دوسری جانب امریکی صدر نے ایران کے خلاف ممکنہ فوجی کارروائی کا اشارہ دیا ہے۔ واشنگٹن طویل عرصے سے ایران سے صفر افزودگی کا مطالبہ کرتا رہا ہے اور خطے میں اس کے کردار کو مذاکرات میں شامل کرنا چاہتا ہے۔
مغربی ممالک ایران پر جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی کوشش کا الزام عائد کرتے ہیں، تاہم تہران کا مؤقف ہے کہ اس کا پروگرام شہری مقاصد کے لیے ہے۔
امریکہ نے حالیہ مہینوں میں خطے میں اپنی بحری موجودگی بڑھا دی ہے جبکہ ایران اور روس کی بحری افواج نے مشترکہ مشقوں کا آغاز کیا ہے۔













