چاغی میں گیس باؤزر میں دھماکا، ایک شخص جاں بحق، اسسٹنٹ کمشنر سمیت 3 زخمی ہو گئے۔
چاغی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) بلوچستان کے ضلع چاغی میں تفتان بارڈر کے قریب گیس باؤزر میں دھماکا ہوا جس میں ایک شخص جاں بحق اور اسسٹنٹ کمشنر سمیت تین افراد زخمی ہو گئے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق، تفتان بارڈر کے قریب گیس باؤزر میں آگ بھڑک اٹھی، جس سے زوردار دھماکا ہوا۔ دھماکے کی آواز دور تک سنائی دی گئی اور علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
ڈپٹی کمشنر چاغی جہانزیب شاہوانی نے بتایا کہ چار افراد زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کے لیے قریبی مرکزِ صحت منتقل کیا گیا، جہاں ایک شخص منور علی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہو گیا۔ دو زخمیوں کو مزید علاج کے لیے کوئٹہ بھیج دیا گیا۔
اسسٹنٹ کمشنر تفتان نعیم قاسم بھی زخمی ہوئے لیکن وہ موقع پر موجود رہ کر امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں اور ضلعی انتظامیہ اور سکیورٹی ادارے کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ آگ لگنے کی وجوہات معلوم نہیں ہو سکیں، تحقیقات جاری ہیں۔















