رمضان کی آمد پر بی آئی ایس پی کی سہ ماہی قسط اب 14 ہزار 500 روپے کر دی گئی ہے۔ بینظیر تعلیمی وظائف اور نشوونما پروگرام کی رقوم میں بھی 500 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز)
چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے رمضان المبارک کی آمد پر مستحق خواتین کے لیے سہ ماہی قسط میں اضافہ کا اعلان کیا ہے۔ اب یہ قسط بڑھا کر 14 ہزار 500 روپے کر دی گئی ہے۔
بی آئی ایس پی ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں لائیو ای کچہری کے دوران روبینہ خالد نے بتایا کہ بینظیر کفالت پروگرام کی سہ ماہی قسط میں ایک ہزار روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔ اس اضافے کے بعد مستحق خواتین کو 13 ہزار 500 روپے کے بجائے 14 ہزار 500 روپے ادا کیے جائیں گے۔
مزید برآں، بینظیر تعلیمی وظائف اور بینظیر نشوونما پروگرام کی رقوم میں بھی 500 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے تاکہ ماؤں اور بچوں کو مزید سہولت فراہم کی جا سکے۔
چیئرپرسن نے ہدایت کی کہ خواتین پوری رقم وصول کریں اور کسی بھی قسم کی کٹوتی برداشت نہ کریں۔ شکایات کی صورت میں بی آئی ایس پی ہیلپ لائن 080026477 پر رابطہ کرنے یا قریبی دفتر سے رجوع کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔















