وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے عمران خان کی رہائی کے لیے فورس بنانے کا اعلان کیا ہے۔ یہ فورس پرامن طور پر جمہوریت اور آئین کی بالادستی کے لیے جدوجہد کرے گی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی رہائی کے لیے ایک فورس تشکیل دی جائے گی۔
سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سہیل آفریدی نے کہا کہ انہیں بانی چیئرمین کی جانب سے اسٹریٹ موومنٹ کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدالتی احکامات کو نظرانداز کیا جا رہا ہے اور عمران خان کو ذاتی معالجین تک رسائی نہیں دی جا رہی۔
سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے فورس کا اعلان کیا جا رہا ہے، جس کی رجسٹریشن کی جائے گی اور یہ فورس پرامن جدوجہد کرے گی۔ 22 فروری کو پشاور میں فورس ممبران سے حلف لیا جائے گا اور فورس کا چین آف کمانڈ ہوگا جس کی قیادت عمران خان کے منتخب کردہ شخص کے ہاتھ میں ہوگی۔
انہوں نے واضح کیا کہ یہ جدوجہد جمہوریت، آئین کی بالادستی اور آزاد میڈیا کے لیے ہوگی۔ پی ٹی آئی میں ان کے مخالفین کو پیغام دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عزت و ذلت اللہ کے ہاتھ میں ہے اور انہیں ہٹانے کی خواہش رکھنے والے بانی پی ٹی آئی کی بہنوں سے پوچھ سکتے ہیں۔















