ایران کی پاسدارانِ انقلاب کے کمانڈر نے کہا ہے کہ اعلیٰ حکام کے حکم پر ایران آبنائے ہرمز بند کرنے کے لیے تیار ہے۔
تہران: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ایران کی پاسدارانِ انقلاب نیوی کے کمانڈر ریئر ایڈمرل علی رضا تنگسیری نے کہا ہے کہ اگر اعلیٰ حکام حکم دیں تو ایران آبنائے ہرمز کو بند کرنے کے لیے تیار ہے۔
ریئر ایڈمرل تنگسیری نے اسمارٹ کنٹرول آف دی اسٹریٹ آف ہرمز مشق کی نگرانی کے دوران کہا کہ اس فیصلے کا اختیار ایران کی اعلیٰ قیادت کے پاس ہے۔ ان مشقوں کا مقصد پاسداران انقلاب کے بحری یونٹس کی تیاریوں کا جائزہ لینا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بطور سپاہی، وہ حکم ملنے پر مشن کے لیے مکمل تیار ہیں اور جنگی ہتھیار فوجی مشقوں کے ہتھیاروں سے مختلف ہوتے ہیں۔
خبررساں ایجنسی کے مطابق منگل کو مشق کے دوران آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت معطل رہی اور پاسدارانِ انقلاب کے جنگی یونٹس نے محفوظ بحری آمدورفت کو یقینی بنانے کی مشق کی۔ مختلف ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے، مقررہ اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔












