اسلامی وزرائے خارجہ نے اسرائیل کے مقبوضہ مغربی کنارے کو ریاستی اراضی قرار دینے کے فیصلے کو مسترد کر دیا اور عالمی برادری سے اسرائیلی خلاف ورزیاں روکنے کی اپیل کی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان سمیت آٹھ اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ نے مشترکہ اعلامیہ جاری کیا ہے جس میں اسرائیل کے مقبوضہ مغربی کنارے کو ریاستی اراضی قرار دینے کے فیصلے کو مسترد کیا گیا۔ انہوں نے 1967 کے بعد سے اراضی رجسٹریشن و تصفیہ کے طریقہ کار کی منظوری کی مذمت کی۔
وزرائے خارجہ نے کہا کہ اسرائیلی اقدام غیرقانونی آبادکاری اور زمینوں پر قبضے کی کوشش ہے، جو بین الاقوامی قانون اور چوتھے جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سلامتی کونسل کی قرارداد کی بھی خلاف ورزی ہے اور غیرقانونی آبادکاری کی سرگرمیوں کو بڑھاوا دیتا ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ اسرائیلی اقدام دو ریاستی حل کو نقصان پہنچانے کی سازش ہے۔ عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اسرائیلی خلاف ورزیاں روکنے کے لیے فیصلہ کن اقدامات کرے اور 1967 کی سرحدوں پر آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔












