عامر سہیل نے پاک بھارت میچ میں بارش کو سنسنی خیزی بڑھانے والا عنصر قرار دیا، کھلاڑیوں کو دباؤ میں نہ آنے کی تلقین کی۔
کولمبو: (رائیٹ ناوٴ نیوز) ٹیسٹ کرکٹر عامر سہیل نے پاک بھارت میچ سے قبل بارش کے امکان کو میچ کی سنسنی خیزی میں اضافہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بارش میچ کا مزہ خراب نہیں کرے گی بلکہ مختصر میچ میں پاور ہٹرز کے باعث مقابلہ مزید دلچسپ ہوگا۔
انہوں نے ایک انٹرویو میں کہا کہ کم اوورز کے میچ میں کھلاڑی جارحانہ حکمت عملی اپناتے ہیں، جس سے شائقین کو بھرپور تفریح ملتی ہے۔ انہوں نے کھلاڑیوں کو مشورہ دیا کہ وہ دباؤ میں نہ آئیں اور اپنی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے ٹریش ٹاک کو محرک بنائیں۔
عامر سہیل نے کہا کہ ایسے بڑے مقابلوں میں ذہنی مضبوطی کامیابی کی کنجی ہوتی ہے اور جو ٹیم دباؤ کو بہتر انداز میں سنبھالے گی وہی کامیاب ہوگی۔ پاکستان اور بھارت کے درمیان کولمبو میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈکپ ہائی وولٹیج میچ کا بارش سے متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔















