عمان حکومت نے اعلان کیا ہے کہ یکم رمضان 1447 ہجری 19 فروری 2026 کو ہوگا۔ یہ اعلان چاند کی رویت سے ایک ہفتہ قبل کیا گیا ہے۔
مسقط: (رائیٹ ناوٴ نیوز) عمان حکومت نے اعلان کیا ہے کہ یکم رمضان 1447 ہجری جمعرات 19 فروری 2026 کو ہوگا جبکہ بدھ 18 فروری شعبان کا آخری روز ہو گا۔ عمان کے سرکاری میڈیا کے مطابق سلطنت نے چاند کی باقاعدہ رویت سے ایک ہفتہ قبل ہی رمضان کی پہلی تاریخ کا اعلان کیا ہے، جو عرب دنیا میں اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے۔
عمان کی مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے مطابق فلکیاتی حساب سے یہ طے ہو چکا ہے کہ منگل 29 شعبان کو چاند نظر آنا ممکن نہیں ہوگا اور اگر سائنسی حقائق کسی دن چاند نظر آنے کو ناممکن قرار دیں تو اس کے برخلاف موصول ہونے والی شہادتیں قبول نہیں کی جاتیں، اس لیے کمیٹی نے رمضان کے آغاز کی باقاعدہ تاریخ کا اعلان کیا ہے۔
دوسری جانب متحدہ عرب امارات میں جامعہ شارجہ کے تحت قائم شارجہ اکیڈمی برائے فلکیات، خلائی سائنس اور ٹیکنالوجی نے بھی رمضان کے چاند کے حوالے سے پیش گوئی جاری کی ہے۔ اکیڈمی نے تصدیق کی ہے کہ 17 فروری کو نہ صرف شارجہ بلکہ یو اے ای اور بیشتر اسلامی دنیا میں جدید ترین دوربینوں کی مدد سے بھی چاند کا نظر آنا ممکن نہیں، اس بناء پر رمضان المبارک کے آغاز کی توقع 19 فروری کو کی جا رہی ہے۔













