صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان امن، برداشت اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے انتہا پسندی کے خلاف پاکستان کی پالیسی کو انسانی حقوق پر مبنی قرار دیا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز)
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان امن، برداشت اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔ تشدد پر مبنی انتہا پسندی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر نے اس بات پر زور دیا کہ انتہا پسندی انسانی وقار کی سنگین خلاف ورزی ہے اور اس کے بنیادی اسباب سے نمٹنا ضروری ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اقوامِ متحدہ کے انسدادِ تشدد کنونشن پر کاربند ہے اور قومی انسدادِ انتہا پسندی پالیسی 2024 فعال روک تھام کی حکمتِ عملی فراہم کرتی ہے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ انتہا پسندی کے خلاف پاکستان کی پالیسی انسانی حقوق اور قانون کی حکمرانی پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام اور انسانی حقوق کا عالمی اعلامیہ برداشت، مساوات اور احترامِ انسانیت کا درس دیتے ہیں۔
صدر نے یاد دلایا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بھاری قربانیاں دی ہیں اور پائیدار امن تعلیم، مکالمے اور سماجی ہم آہنگی کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
اپنے پیغام میں صدر زرداری نے کشمیر اور فلسطین میں انسانی حقوق کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مشترکہ ذمہ داری کے تحت تعاون کو فروغ دے۔















