نیپرا نے گھریلو صارفین کے لیے 300 یونٹ تک فکسڈ چارجز عائد کر دیے ہیں جبکہ صنعتی شعبے کے لیے بجلی سستی کر دی گئی ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ماہانہ 300 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین پر فکسڈ چارجز عائد کر دیے ہیں۔
نیپرا کے فیصلے کے مطابق، فکسڈ چارجز کا اطلاق پروٹیکٹڈ اور نان پروٹیکٹڈ دونوں کیٹیگریز کے صارفین پر ہوگا۔ 100 یونٹ استعمال کرنے والے پروٹیکٹڈ صارفین پر 200 روپے ماہانہ فکسڈ چارج ہوگا، جبکہ 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین کو 300 روپے ماہانہ ادا کرنا ہوگا۔
اسی طرح، 100 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے نان پروٹیکٹڈ صارفین پر 275 روپے ماہانہ فکسڈ چارج عائد کیا گیا ہے۔ ماہانہ 200 یونٹ تک کے نان پروٹیکٹڈ صارفین پر 300 روپے اور 300 یونٹ تک کے نان پروٹیکٹڈ صارفین پر 350 روپے فکسڈ چارجز مقرر کیے گئے ہیں۔
ماہانہ 400 یونٹ تک کے صارفین کے لیے فکسڈ چارجز 400 روپے، 500 یونٹ پر 500 روپے اور 600 یونٹ پر 675 روپے ہوں گے۔ 700 یونٹ تک کے صارفین کو 675 روپے فکسڈ چارج ادا کرنے ہوں گے، جبکہ 700 یونٹ سے زائد استعمال پر بھی یہی چارجز لاگو ہوں گے۔
حکومت نے صنعتی صارفین پر 101 ارب کی کراس سبسڈی ختم کر دی ہے، جس کے نتیجے میں صنعتی شعبے کے لیے بجلی 4 روپے 4 پیسے سستی ہو گئی ہے، اور انڈسٹری کا بنیادی ٹیرف 33 روپے سے 29 روپے پر آ گیا ہے۔














