وفاقی وزیر خزانہ نے اسلام آباد میں کہا کہ مصنوعی ذہانت کے استعمال سے ریونیو نظام میں شفافیت اور کارکردگی میں بہتری آ رہی ہے، جبکہ انسانی مداخلت کم کر کے کرپشن کو روکا جا سکتا ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ سرکاری نظام میں مصنوعی ذہانت کے مؤثر استعمال سے شفافیت، کارکردگی اور ریونیو میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔ انہوں نے نیشنل آرٹیفیشل انٹیلی جنس ورکشاپ میں خطاب کرتے ہوئے ٹیکس اصلاحات کے تحت خودکار نظام اور فیس لیس پراسس کے نفاذ پر زور دیا۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے ذریعے انسانی مداخلت کم کرنے سے کرپشن روکنے میں مدد ملتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مصنوعی ذہانت کے استعمال سے ریونیو لیکجز میں کمی اور مالیاتی نتائج میں بہتری آئی ہے۔ ڈیجیٹل اثاثوں کے لئے ریگولیٹری اتھارٹی کے قیام سے معیشت کو محفوظ بنایا جا رہا ہے جبکہ نوجوانوں کی اسکلز ڈیویلپمنٹ بھی ضروری ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ڈیجیٹل تبدیلی کے لئے ایک جامع پالیسی اور مربوط حکومتی حکمت عملی کی ضرورت ہے۔ اے آئی، پبلک سروس، ریونیو اور ماحولیاتی منیجمنٹ میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔















