مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ سیاست شریف لوگوں کا کام نہیں رہا، قرآن و سنت کے خلاف قانون سازی کو نہیں مانیں گے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز)جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ قرآن و سنت کے خلاف قانون سازی کو نہیں مانوں گا۔ انہوں نے کہا کہ سیاست شریف لوگوں کا کام نہیں رہا، مجھے کہا جاتا ہے کہ آپ شریف آدمی ہیں، آپ کیوں سیاست کر رہے ہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ ہمارا مؤقف واضح ہے، خالق کی نافرمانی پر مبنی قوانین کی پاسداری جائز نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست انبیا کی وراثت ہے اور علما انبیا کے وارث ہیں، سیاست کا مقصد قومی و ملی زندگی کی تدبیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیاست دان ملک کو جو نظام اور قانون دے رہے ہیں، اس پر ہمیں اعتراض نہیں، لیکن قرآن و سنت کے خلاف قانون سازی کو قبول نہیں کیا جائے گا۔ آئین کا تقاضا ہے کہ غلط قانون سازی نہ کی جائے۔
مولانا نے پیغام دیا کہ قرآن و سنت کے خلاف قانون سازی کی گئی تو اس کو نہیں مانوں گا، ہم قرآن و سنت کی بالادستی کے لیے ہر سزا کو خندہ پیشانی سے قبول کریں گے۔















