عراق نے صدام حسین کے قریبی ساتھی سعدون القیسی کو انسانیت سوز جرائم کے الزام میں پھانسی دے دی۔
بغداد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) عراقی حکومت نے سابق صدر صدام حسین کے قریبی ساتھی سعدون صبری جمیل القیسی کو پھانسی دے دی ہے۔ یہ سزا پیر کے روز منصفانہ عدالتی کارروائی مکمل ہونے کے بعد دی گئی۔سعدون القیسی صدام حسین کے دورِ حکومت میں میجر جنرل کے عہدے پر فائز رہے اور ان پر انسانیت سوز جرائم میں ملوث ہونے کے الزامات ثابت ہوئے۔القیسی پر 1980 میں ممتاز عراقی عالم محمد باقر الصدر اور ان کی بہن بنت الہدیٰ کے قتل میں کردار ادا کرنے کا الزام تھا۔ دیگر عام شہریوں کے قتل کے الزامات بھی ان کے خلاف تھے۔2003 میں صدام حکومت کے خاتمے کے بعد القیسی شام فرار ہو گئے تھے۔ فروری 2023 میں عراق کے شہر اربیل میں گرفتار ہوئے۔ صدام دور میں وہ ریاستی سلامتی کے ڈائریکٹر سمیت بصرہ اور نجف میں ڈائریکٹر سکیورٹی کے عہدوں پر بھی تعینات رہے۔













