امریکا میں اے آئی کا طبی آلات میں استعمال مریضوں کے لئے خطرناک ثابت ہو رہا ہے، متعدد واقعات میں مریضوں کو چوٹیں آئیں۔
نیویارک: (رائیٹ ناوٴ نیوز) طب کے شعبے میں مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے استعمال نے جہاں نئے امکانات کے دروازے کھولے ہیں، وہیں مریضوں کو شدید نقصان بھی پہنچا ہے۔ امریکا میں طبی آلات بنانے والی کمپنیاں اے آئی کو اپنے آلات میں شامل کر رہی ہیں، جس کے باعث مریضوں کو نقصان پہنچنے کے دعوے بڑھ گئے ہیں۔
جونسن اینڈ جونسن کی ذیلی کمپنی ‘ایکلیرینٹ’ نے 2021 میں اپنی ٹرو-ڈی نیوی گیشن سسٹم میں اے آئی شامل کرنے کا اعلان کیا تھا۔ یہ آلہ کان، ناک اور گلے کے جراحی کے دوران سرجنز کی رہنمائی کے لیے استعمال ہوتا ہے، مگر اس میں اے آئی شامل کرنے کے بعد ایف ڈی اے کو 100 سے زائد ممکنہ نقصانات کی رپورٹس موصول ہوئیں۔
رپورٹس کے مطابق 2021 سے نومبر 2025 تک کم از کم 10 مریضوں کو چوٹیں آئیں، جن میں سیریبرواسپائنل فلوئڈ لیک، کھوپڑی کے سوراخ اور آرٹری کے زخمی ہونے کے واقعات شامل ہیں۔ دو متاثرہ مریضوں نے ٹیکساس میں مقدمات دائر کیے ہیں۔
ایکلیرینٹ اور انٹیگرا لائف سائنس نے ان دعووں کو مسترد کیا ہے۔ ایف ڈی اے کے مطابق 1,357 طبی آلات میں اے آئی استعمال ہو رہا ہے، اور غلطیوں کی وجہ سے خطرات بڑھ گئے ہیں۔
ایف ڈی اے کا کہنا ہے کہ عملے کی کمی اور بڑھتا کام جائزہ لینے کے عمل پر دباؤ ڈال رہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اے آئی کے فوائد کے ساتھ حفاظتی اور ریگولیٹری اقدامات میں کمی کے باعث مریضوں کو خطرات لاحق ہیں۔














