پاکستان اٹامک انرجی کمیشن نے پہلی کوانٹم کمپیوٹنگ ہیکا تھون کا انعقاد کیا، جس کا مقصد جدید ٹیکنالوجیز کو فروغ دینا اور عالمی چیلنجوں کے حل کے لیے کوانٹم الگورتھمز تیار کرنا تھا۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے زیراہتمام پہلی کوانٹم کمپیوٹنگ ہیکا تھون کامیابی سے مکمل ہو گئی۔ اس ایونٹ کا مقصد جدید ابھرتی ٹیکنالوجیز کو فروغ دینا اور عالمی چیلنجوں کے حل کے لیے کوانٹم الگورتھمز تیار کرنا تھا۔
چیئرمین پاکستان اٹامک انرجی کمیشن ڈاکٹر راجہ علی رضا انور نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوانٹم ٹیکنالوجی تیزی سے تبدیلی کی قوت بن رہی ہے جو مستقبل کی دنیا کو تشکیل دے رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کوانٹم کمپیوٹنگ کا مقصد روایتی کمپیوٹنگ سسٹمز کے ساتھ مل کر کام کرنا ہے۔
ڈائریکٹر جنرل نیشنل انسٹیٹیوٹ آف لیزرز اینڈ آپٹرانکس ڈاکٹر منظور اکرام نے بتایا کہ ایونٹ میں کوانٹم الگورتھمز کا استعمال کرکے ٹی بی کی جلد تشخیص کے حل تیار کرنے والی ٹیم کو 8 لاکھ روپے کا پہلا انعام دیا گیا۔
ایونٹ کے اختتام پر شرکاء نے ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز میں سائنسی مہارت کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔














