امریکا نے آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کے لیے نئی ہدایات جاری کی ہیں، ایرانی فورسز سے دور رہنے کی تاکید کی گئی ہے۔
واشنگٹن: (رائیٹ ناوٴ نیوز) امریکا نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تجارتی جہازوں کے لیے نئی ہدایات جاری کی ہیں، جہاں ایران کے جوہری پروگرام پر تناؤ جاری ہے۔ امریکی محکمہ ٹرانسپورٹیشن کے ماتحت میری ٹائم ایڈمنسٹریشن نے کہا ہے کہ امریکی پرچم بردار تجارتی جہاز ایرانی علاقائی پانیوں سے دور رہیں۔
ہدایات کے مطابق اگر ایرانی فورسز جہاز پر سوار ہونے کی اجازت طلب کریں تو زبانی طور پر انکار کیا جائے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ نیوی گیشن کی حفاظت کو متاثر کیے بغیر ایران کے علاقائی سمندر سے زیادہ سے زیادہ فاصلہ رکھا جائے۔
واضح کیا گیا ہے کہ اگر ایرانی فورسز کسی امریکی تجارتی جہاز پر سوار ہو جائیں تو زبردستی مزاحمت نہ کی جائے۔ دوسری جانب عمان کی ثالثی میں امریکا اور ایران کے درمیان جوہری مذاکرات کا آغاز مثبت رہا ہے۔
امریکی صدر نے ایران پر دباؤ بڑھاتے ہوئے ایک ایگزیکٹو آرڈر جاری کیا ہے، جس کے تحت ایران سے اشیا خریدنے والے ممالک کی درآمدات پر 25 فیصد ٹیرف عائد کیا جائے گا۔













