بنگلادیش میں جمعرات کو عام انتخابات ہوں گے، جس کے لیے فوج تعینات کی گئی ہے اور موٹر سائیکل پر تین روزہ پابندی عائد ہے۔
ڈھاکا: (رائیٹ ناوٴ نیوز) بنگلادیش میں عام انتخابات جمعرات کو ہوں گے، جس کے لیے ملک بھر میں فوج تعینات کر دی گئی ہے۔ ڈھاکا سمیت بنگلادیش کے چھوٹے بڑے شہروں میں انتخابی مہم کا کل آخری روز تھا۔
رات 12 بجے سے تین روز کے لیے موٹر سائیکل چلانے پر ملک گیر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ 300 پارلیمانی نشستوں کے لیے مختلف جماعتوں کے 1981 امیدوار میدان میں ہیں، حکومت بنانے کے لیے 151 نشستوں پر اکثریت ضروری ہے۔
اگست 2024 میں سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کے استعفیٰ کے بعد یہ پہلے انتخابات ہیں۔ نوبل انعام یافتہ ڈاکٹر محمد یونس نے عبوری حکومت کی سربراہی کی۔
ایک تازہ عوامی سروے میں بی این پی اور بنگلادیش جماعت اسلامی کے اتحاد کے درمیان سخت مقابلے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جن کے درمیان ووٹوں کا تناسب قریباً برابر ہے۔












