بنگلہ دیش کو آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی ملے گی، جرمانہ نہیں ہوگا۔ آئی سی سی اعلامیہ جاری

آئی سی سی نے بنگلہ دیش کو 2028 سے 2031 کے درمیان ایک ایونٹ کی میزبانی دینے کا اعلان کیا ہے، کوئی جرمانہ نہیں ہوگا۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
بنگلہ دیش کو آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی ملے گی، جرمانہ نہیں ہوگا

لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے اعلان کیا ہے کہ بنگلہ دیش کو ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں عدم شرکت پر کوئی جرمانہ یاپابندی نہیں لگائی جائے گی اور وہ مستقبل میں 2028 سے 2031 کے درمیان ایک آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی کرے گا۔

یہ فیصلہ لاہور میں آئی سی سی، پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور بنگلادیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے درمیان مذاکرات کے بعد کیا گیا۔

مذاکرات کے نتیجے میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ پر کسی قسم کی مالی، انتظامی یا کھیلوں سے متعلق کوئی پابندی یا جرمانہ عائد نہیں کیا جائے گا۔ تاہم بی سی بی کو یہ حق حاصل ہوگا کہ وہ چاہے تو آئی سی سی کے ڈسپیوٹ ریزولوشن کمیٹی سے رجوع کر سکتا ہے۔

آئی سی سی نے واضح کیا کہ بنگلہ دیش میں 200 ملین سے زائد کرکٹ شائقین موجود ہیں اور ٹیم کی ورلڈ کپ میں عدم شرکت کے ملک میں کرکٹ پر کوئی طویل المدتی منفی اثرات نہیں ہوں گے۔ آئی سی سی نے اس مارکیٹ میں کرکٹ کے فروغ کے لیے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

آئی سی سی چیف ایگزیکٹو سنجوگ گپتا نے کہا کہ بنگلہ دیش کی ورلڈ کپ میں عدم موجودگی افسوسناک ضرور ہے، مگر آئی سی سی کا بنگلہ دیش کے ساتھ طویل المدتی تعلق اور تعاون برقرار رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کرکٹ ایک مضبوط نظام رکھتی ہے اور مستقبل میں کھلاڑیوں اور شائقین کے لیے مواقع مزید بہتر بنائے جائیں گے۔

واضح رہے کہ آئی سی سی، پی سی بی اور بی سی بی نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ کرکٹ کے اتحاد، سالمیت اور کھیل کے بہترین مفاد میں باہمی مشاورت اور تعاون کا عمل جاری رکھا جائے گا۔

دیگر متعلقہ خبریں