لاہور میں پولیو ٹیموں پر تشدد کے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز)لاہور کے دو مختلف علاقوں میں پولیو ٹیموں پر تشدد کے واقعات پیش آئے ہیں۔ ان واقعات میں ملوث ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرلیے گئے ہیں۔
ہربنس پورہ میں تین خواتین سمیت آٹھ افراد نے پولیو ٹیم انچارج ندیم اشرف اور ان کی ٹیم کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ پولیس نے اس واقعے کا مقدمہ درج کرلیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق، مہر فیاض کالونی میں سمیرا بی بی نے پولیو ٹیم کو تشدد کا نشانہ بنایا جب وہ ان کی بیٹی کو پولیو کے قطرے پلانے کے لیے ان کے گھر آئی۔ پانچ نامعلوم افراد نے بھی پولیو ٹیم پر حملہ کیا اور موقع پر پہنچنے والے پولیس اہلکاروں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا۔
شاہدرہ کے علاقے میں خاتون پولیو انچارج عارفہ طاہر اور ان کی ٹیم کو زد و کوب کیا گیا۔ چمن کالونی میں نعیم کی بیوی ماریہ اور ان کے بچوں نے پولیو ٹیم کو قطرے پلانے سے روک دیا اور ان پر تشدد کیا۔ تھانہ شاہدرہ میں انچارج پولیو کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔














