کراچی لٹریچر فیسٹیول کے دوسرے روز فیشن کو پاکستان کی سافٹ پاور قرار دیا گیا، ماڈل مشک کلیم نے حکومتی سرپرستی کی ضرورت پر زور دیا۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز)
کراچی لٹریچر فیسٹیول کے 17ویں ایڈیشن کے دوسرے روز ادب، معیشت، ثقافت اور فنونِ لطیفہ پر متنوع مباحثے منعقد ہوئے، جن میں بڑی تعداد میں شرکاء نے شرکت کی۔ مختلف موضوعات پر پینل ڈسکشنز، ادبی مکالمے، فلم اسکریننگز اور کتابوں کی رونمائی کی تقریبات جاری رہیں۔
فیسٹیول کے دوسرے روز پاکستان کی معیشت، تاریخ، فیشن، فلم اور ادب پر مجموعی طور پر 45 سے زائد سیشنز منعقد کیے گئے۔ فیشن کی عالمی شناخت پر گفتگو میں ڈیزائنر ضیاد بشیر، رضوان بیگ اور ماڈل مشک کلیم نے شرکت کی۔
ماڈل مشک کلیم نے کہا کہ فیشن انڈسٹری کی ترقی اور عالمی شناخت کے لیے حکومتی سرپرستی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ فیشن انڈسٹری نے کووڈ کے بعد مشکلات کا سامنا کیا، مگر اب یہ شعبہ دوبارہ سرگرم ہو رہا ہے۔
مشاعرے کی صدارت معروف شاعر افتخار عارف نے کی، جبکہ نظامت نثیرہ زبیری نے انجام دی۔ مشاعرے میں کشور ناہید، خورشید رضوی اور شاہدہ حسن سمیت ممتاز شعراء نے کلام پیش کیا۔ دن کا اختتام پاکستانی فلم ’’چکر‘‘ کی اسکریننگ پر ہوا۔















