بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں بارش اور برفباری کا امکان جبکہ کراچی میں بوندا باندی متوقع ہے۔ بالائی علاقوں میں سڑکوں پر پھسلن کا خدشہ ہے۔
کوئٹہ: (رائیٹ ناوٴ نیوز) بلوچستان کے 19 اضلاع میں آج ہلکی بارش متوقع ہے جبکہ چمن، پشین، قلعہ عبداللّٰہ، قلعہ سیف اللّٰہ اور زیارت میں پہاڑوں پر ہلکی برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی آج سے منگل تک بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ حکام نے بالائی علاقوں ناران، کاغان، کالام اور چترال میں سڑکیں بند ہونے اور پھسلن کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
پروونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے تمام ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور پیشگی اقدامات کی ہدایت کی ہے۔
مغربی ہواؤں کے زیر اثر ساحلی پٹی پر تیز ہواؤں کے ساتھ کہیں کہیں ہلکی بارش یا بوندا باندی کا بھی امکان ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے کراچی میں بھی مطلع ابرآلود رہنے اور چند مقامات پر بوندا باندی کی پیشگوئی کی ہے۔















