محمود اچکزئی نے وزیراعظم کو احتجاج میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے عوام سے کہا کہ ملکی حالات جذباتی ہونے کی اجازت نہیں دیتے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے وزیراعظم شہباز شریف کو 8 فروری کے احتجاج میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے عوام سے جذباتی نہ ہونے کی اپیل کی ہے۔
محمود خان اچکزئی نے کہا کہ پورے ملک میں عوام دکانیں بند کر کے اپنے مینڈیٹ چوری پر غصے کا اظہار کریں گے۔ انہوں نے شہباز شریف کو عوام کے سوگ میں شامل ہونے کی دعوت دی اور عوام کو کہا کہ ملکی حالات جذباتی ہونے کی اجازت نہیں دیتے۔
اچکزئی نے کہا کہ آج ہم اپنی پالیسیوں کا پھل کاٹ رہے ہیں اور ملک کو دوسروں کی جنگ میں جھونک دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی مشکلات ہمارے اپنے اعمال اور اسٹیبلشمنٹ و بیوروکریسی کی شمولیت کا نتیجہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دین میں جبر کی ممانعت ہے اور ہم آئین کی بالادستی چاہتے ہیں کیونکہ اس سے ملک کو جوڑا گیا ہے۔ ناانصافی سے ملک نہیں چلتا، جبکہ وفاداری بیچنے والوں کو بڑی رقم ملتی ہے اور غریبوں کو معمولی معاوضہ دیا جاتا ہے۔















