فافن کی رپورٹ کے مطابق قومی اسمبلی کے 23 ویں اجلاس میں ارکان کی حاضری انتہائی کم رہی، وزیراعظم مکمل غیر حاضر رہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) فری اینڈ فئیر الیکشن نیٹ ورک (فافن) نے قومی اسمبلی کے 23 ویں اجلاس کی رپورٹ جاری کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق اس اجلاس میں ارکان کی حاضری انتہائی کم رہی۔
12 سے 22 جنوری تک جاری رہنے والے اس اجلاس میں کل 7 نشستیں ہوئیں، لیکن وزیراعظم اس دوران مکمل غیر حاضر رہے جبکہ اپوزیشن لیڈر نے تقرری کے بعد تمام نشستوں میں شرکت کی۔
فافن کی رپورٹ کے مطابق کابینہ میں صرف ایک وزیر نے تمام نشستوں میں شرکت کی، جبکہ 7 وزرا نے ایک بھی نشست میں شرکت نہیں کی۔ مجموعی طور پر 56 ارکان ہی تمام نشستوں میں شریک ہوئے۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا کہ قومی اسمبلی کے 47 ارکان پورے اجلاس میں غیر حاضر رہے۔ چھٹی نشست میں 222 ارکان کی حاضری سب سے زیادہ رہی جو 67 فیصد بنتی ہے، جبکہ تیسری نشست میں سب سے کم 135 ارکان موجود تھے۔















