ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا کہ ایران کا میزائل پروگرام مذاکرات کا حصہ نہیں بنے گا کیونکہ یہ قومی دفاع کا معاملہ ہے۔
تہران: (رائیٹ ناؤ نیوز) ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے واضح کیا ہے کہ ایران کا میزائل پروگرام قومی دفاع کا معاملہ ہے اور یہ کسی صورت مذاکرات کا حصہ نہیں بنے گا۔
عباس عراقچی نے بیان دیا کہ امریکا کے ساتھ جنگ کا امکان موجود ہے لیکن ایران امن اور جنگ دونوں کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ حملے کی صورت میں نشانہ امریکی افواج ہوں گی، علاقائی ممالک نہیں۔
ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ جوہری افزودگی ایران کا ناقابل تنسیخ حق ہے اور اسے جاری رہنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بمباری سے بھی ایران کی جوہری صلاحیت کو ختم نہیں کیا جا سکتا۔
عباس عراقچی نے مزید کہا کہ جوہری افزودگی پر یقینی ضمانتی معاہدے تک پہنچنے کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے غزہ پر اسرائیلی جنگ کو عالمی قوانین کے خاتمے کی علامت قرار دیا اور کہا کہ یہ غزہ میں اسرائیل کی جانب سے کھلی نسل کشی ہے۔
عباس عراقچی نے کہا کہ اسرائیلی کارروائیاں خطے میں عدم مساوات کو فروغ دے رہی ہیں۔











