کولمبو میں پاکستان نے نیدرلینڈز کو 3 وکٹوں سے شکست دی، جیت فہیم اشرف کے بیٹوں کے نام کی گئی۔
کولمبو: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے افتتاحی میچ میں نیدرلینڈز کے خلاف پاکستان کی جیت کو فہیم اشرف کے جڑواں بیٹوں کے نام کردیا۔
کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے فہیم اشرف کی شاندار بیٹنگ کی بدولت نیدرلینڈز کو 3 وکٹوں سے شکست دی۔ نیدرلینڈز کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 147 رنز پر آؤٹ ہوئی۔
پاکستان کو ہدف کے تعاقب میں آخری دو اوورز میں 29 رنز درکار تھے۔ فہیم اشرف نے 19 ویں اوور میں 3 چھکے لگاکر 24 رنز بنائے اور آخری اوور میں چوکا مار کر 11 گیندوں پر 29 رنز بنا کر ٹیم کو کامیابی دلائی۔
محسن نقوی نے اپنی پوسٹ میں فہیم اشرف کے جڑواں بچوں کی تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ نیدرلینڈز کی ٹیم نے اچھا کھیلا اور جیت کو فہیم کے بچوں کے نام کیا۔ انہوں نے بچوں کی صحت مند اور خوشیوں بھری زندگی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔















