پاکستان نے بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ کر لیا ہے، پی سی بی نے آئی سی سی کو خط ارسال کر دیا۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کا فیصلہ باضابطہ طور پر خط کے ذریعے آگاہ کر دیا ہے۔
پی سی بی نے خط میں بھارت کے خلاف میچ کے بائیکاٹ کی وجوہات تفصیل سے بیان کی ہیں۔ پاکستان نے 15 فروری کو شیڈول میچ میں بھارت کے خلاف نہ اترنے کا اعلان کیا ہے، جو بنگلا دیش کے ٹورنامنٹ سے اخراج اور اسکاٹ لینڈ کی شمولیت کے بعد سامنے آیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے بھی فیصلے کی تصدیق کی ہے کہ یہ اقدام بنگلا دیش کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے طور پر اٹھایا گیا ہے، کیونکہ بنگلا دیش نے سیکیورٹی خدشات کی بنا پر بھارت میں میچ کھیلنے سے انکار کر دیا تھا۔
بنگلا دیش کے انکار کے بعد آئی سی سی نے انہیں ٹورنامنٹ سے خارج کر کے اسکاٹ لینڈ کو شامل کیا، جس پر پاکستان نے بنگلا دیش کی بھرپور حمایت کی۔ پی سی بی کا مؤقف تھا کہ کھلاڑیوں کی سیکیورٹی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔















