اسلام آباد سانحے کے بعد پنجاب حکومت نے بسنت تقریبات منسوخ کر دیں

اسلام آباد میں سانحے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب نے بسنت تقریبات میں شرکت ختم کی، جبکہ حکومت نے سرکاری سطح پر بعض تقریبات منسوخ کر دیں۔

RIGHTNOW NEWS
ویب ڈیسک
اسلام آباد سانحے کے بعد پنجاب حکومت نے بسنت تقریبات منسوخ کر دیں

اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) اسلام آباد میں پیش آنے والےدہشت گردی کے اندوہناک واقعہ کےبعدوزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بسنت سے متعلق اپنی تمام سرگرمیوں میں شرکت ختم کرنے کا اعلان کیا ہے، جبکہ پنجاب حکومت نے سرکاری سطح پر بعض بسنت تقریبات منسوخ کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔

 

وزیراعلیٰ پنجاب نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ وہ کل کے لیے طے شدہ بسنت سے متعلق اپنی سرگرمیوں میں شریک نہیں ہوں گی، اور لبرٹی اسکوائر میں ہونے والے میگا بسنت شو میں بھی ان کی شرکت نہیں ہوگی۔ انہوں نے زور دیا کہ اس وقت قوم کا متحد رہنا اور دہشت گردی کے خلاف ریاستی اداروں کے ساتھ کھڑا ہونا ناگزیر ہے۔

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وزیراعلیٰ کے فیصلے کے بعد بسنت سے متعلق کل کی سرکاری تقریبات منسوخ کر دی گئی ہیں، جن میں لبرٹی راؤنڈاباؤٹ پر شیڈول کنسرٹ بھی شامل ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب حکومت سانحے میں جاں بحق اور زخمی افراد کے اہل خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دشمن قوتیں پاکستان کے مثبت تشخص، تہواروں اور معمولاتِ زندگی کو متاثر کرنا چاہتی ہیں، تاہم ایسی کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

وزیر اطلاعات کے مطابق پاکستانی قوم نے ماضی میں بھی دہشت گردی کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے اور آئندہ بھی ان عناصر کے ناپاک عزائم کو ریاست کے خلاف کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ قوم اور ریاست کا حوصلہ آج بھی بلند ہے۔

واضح رہے کہ لاہور میں بسنت کی دیگر سرگرمیاں حکومتی اجازت اور طے شدہ حفاظتی انتظامات کے تحت جاری ہیں، تاہم سانحے کے تناظر میں سرکاری سطح پر بعض تقریبات محدود یا منسوخ کی گئی ہیں۔

دیگر متعلقہ خبریں