وزیر داخلہ محسن نقوی نے ترلائی امام بارگاہ کا دورہ کرتے ہوئے دہشت گردی کی مذمت کی اور حملے میں زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی دبئی سے واپسی کے بعد سیدھے اسلام آباد میں ترلائی امام بارگاہ پہنچے جہاں انہوں نے وزیر مملکت طلال چوہدری کے ہمراہ امام بارگاہ کا دورہ کیا۔ ان کے ساتھ وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا، چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا اور آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی بھی موجود تھے۔
وزیر داخلہ اور ان کے ہمراہ موجود وفد نے امام بارگاہ میں مغرب و عشاء کی نماز ادا کی اور ایک گھنٹے تک وہاں موجود رہے۔ انہوں نے خودکش دھماکے کی جگہ کا معائنہ کیا، صورتحال کا جائزہ لیا اور منتظمین سے ملاقات کی۔
محسن نقوی نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ معصوم نمازیوں اور مساجد پر حملے کرنے والے خارجی سفاک درندے ہیں۔ انہوں نے چیئرمین سی ڈی اے کو امام بارگاہ کی جلد از جلد بحالی کی ہدایت بھی کی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان میں دہشتگردی کرنے والے عناصر کو غیر ملکی پشت پناہی حاصل ہے اور دشمن ملک کے امن، یکجہتی اور ترقی کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں، تاہم قوم ان کے خلاف متحد ہے۔ طلال چوہدری نے کہا کہ دہشتگردوں کا پاک سرزمین سے خاتمہ کرکے دم لیں گے۔
محسن نقوی نے آئی جی اسلام آباد کو واقعے کی مکمل تحقیقات کی ہدایت دی اور کہا کہ واقعے میں ملوث دہشت گردوں کو جلد گرفتار کیا جائے گا۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا اور بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔














