اسلام آباد میں عمران خان کی دائیں آنکھ کا کامیاب طبی علاج کیا گیا، ان کی حالت مستحکم رہی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) سابق وزیراعظم عمران خان کی دائیں آنکھ کا طبی علاج کامیابی سے مکمل ہو گیاہے۔ پمز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے وزیر اعظم کی ہدایت پر تفصیلی میڈیکل رپورٹ اڈیالہ جیل حکام کو بھجھوا دی ہے۔
دستیاب تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی ہدایت پر پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کی جانب سے سابق وزیر اعظم عمران خان کی میڈیکل کنڈیشن رپورٹ جاری کر دی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق 74 سالہ عمران خان کو ڈاکٹر کی سفارش پر ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب اڈیالہ جیل سے پمز منتقل کیا گیا۔
میڈیکل رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عمران خان نے دائیں آنکھ میں نظر کم ہونے کی شکایت کی تھی، جس پر پمز کے سینئر اور مستند ماہر امراض چشم نے اڈیالہ جیل میں مکمل طبی معائنہ کیا۔ معائنے میں سِلِٹ لیمپ ٹیسٹ، فنڈوسکوپی، آنکھ کے دباؤ کی پیمائش، ضروری لیبارٹری ٹیسٹ اور ریٹینا کا او سی ٹی معائنہ شامل تھا۔
طبی جانچ کے بعد دائیں آنکھ میں مرکزی ریٹینل وین میں رکاوٹ کی تشخیص کی گئی، جس پر اسپتال میں فالو اپ علاج کی سفارش کی گئی۔ اسی بنیاد پر عمران خان کو پمز منتقل کیا گیا جہاں انہیں آنکھ میں لگائے جانے والے انجیکشن کے طریقۂ علاج سے مکمل طور پر آگاہ کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق علاج سے قبل مریض سے مکمل تحریری رضامندی حاصل کی گئی۔ طبی عمل آپریشن تھیٹر میں تمام ضروری حفاظتی اصولوں اور نگرانی کے تحت انجام دیا گیا، جو تقریباً 20 منٹ پر محیط تھا۔ اس دوران مریض کی حالت مستحکم رہی۔
علاج کے بعد عمران خان کو معمول کی بعد از علاج ہدایات کے ساتھ ڈسچارج کر دیا گیا جبکہ فالو اپ سے متعلق دستاویزات اڈیالہ جیل انتظامیہ کو فراہم کر دی گئیں۔ واضح رہے کہ یہ میڈیکل رپورٹ پمز اسپتال کی جانب سے اڈیالہ جیل اور عمران خان کے اہل خانہ کو ارسال کی گئی تھی۔















