سانحہ اسلام آباد اور راولپنڈی کے بعد علامہ طاہر اشرفی نے بسنت کی تقریبات منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین علامہ طاہر اشرفی نے سانحہ اسلام آباد اور راولپنڈی کے بعد حکومت پنجاب سے بسنت کی تمام تقریبات منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ اسلام آباد کے علاقہ ترلائی میں امام بارگاہ پر جمعہ کی نماز کے دوران ہونے والا دہشتگرد حملہ انسانیت کے خلاف سنگین جرم ہے، جس میں 40 سے زائد قیمتی جانیں ضائع ہوئیں اور متعدد افراد زخمی ہوئے۔ ایسے حالات میں تفریحی سرگرمیوں کا انعقاد مناسب نہیں۔
سانحه اسلام اباد راولپنڈى كے بعد حكومت پنجاب بسنت كى تمام تقريبات كو منسوخ كردے
— TahirMahmoodAshrafi حافظ محمد طاهراشرفى (@TahirAshrafi) February 6, 2026
انہوں نے کہا کہ پوری قوم شہداء کے لواحقین کے غم میں شریک ہے اور زخمیوں کی جلد اور مکمل صحتیابی کے لیے دعاگو ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی سطح پر سوگ اور یکجہتی کا اظہار ہونا چاہیے۔
علامہ طاہر اشرفی کے مطابق دہشتگردی کے واقعات کے بعد معاشرے کو ذمہ داری، تحمل اور اتحاد کا مظاہرہ کرنا چاہیے، جبکہ خوشی اور جشن کی سرگرمیوں کو مؤخر کیا جانا چاہیے۔
واضح رہے کہ حکومت پنجاب نے 6 سے 8 فروری تک بسنت منانے کی اجازت دی تھی، تاہم سانحہ اسلام آباد و راولپنڈی کے بعد بسنت کی منسوخی کے مطالبات سامنے آ رہے ہیں، جبکہ اس حوالے سے تاحال کوئی حتمی حکومتی فیصلہ نہیں کیا گیا۔















