بسنت منانے کے لیے لاہور جانے والی پروازیں مکمل بک ہوگئیں، کرایوں میں اضافہ۔ شہری مہنگائی سے پریشان ہیں۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز) لاہور میں بسنت منانے کے لیے کراچی سمیت دیگر شہروں سے آنے والے لوگوں کی بڑی تعداد کے باعث فضائی سفر پر دباؤ بڑھ گیا ہے۔ تمام پروازیں مکمل طور پر بک ہو چکی ہیں، خاص طور پر کراچی، دبئی، شارجہ اور قطر سے آنے والی پروازیں۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق، بسنت کے باعث کراچی سے لاہور آنے کے فضائی کرایوں میں 5 سے 10 ہزار روپے تک اضافہ ہوا ہے جس پر مسافروں نے تشویش ظاہر کی ہے۔
بسنت کی تقریبات کے لیے درکار اشیاء کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے، جبکہ باربی کیو سامان، کوئلہ اور لکڑیاں مہنگی ہو چکی ہیں۔ شہریوں نے کہا ہے کہ مہنگائی نے بسنت کی خوشیاں منانا مشکل بنا دیا ہے۔












