راج پال یادو نے چیک باؤنس کیس میں دہلی ہائی کورٹ کی مہلت کی درخواست مسترد ہونے پر تیہار جیل میں گرفتاری دے دی ہے۔
نئی دہلی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) بالی ووڈ کے معروف اداکار راج پال یادو نے چیک باؤنس کیسز میں دہلی ہائی کورٹ کی جانب سے مزید مہلت کی درخواست مسترد ہونے کے بعد تیہار جیل میں گرفتاری دے دی ہے۔
ہائی کورٹ نے یادو کو جیل حکام کے سامنے حاضری دینے کی مہلت بڑھانے کی درخواست مسترد کر دی تھی جس کے بعد انہوں نے جمعرات کی شام 4 بجے جیل حکام کے سامنے خود کو پیش کر دیا۔
یادو کے وکیل نے عدالت کو بتایا تھا کہ اداکار نے 50 لاکھ روپے کا انتظام کر لیا ہے اور مزید ایک ہفتے کی مہلت مانگی تھی، تاہم، جسٹس سوارنا کانتا شرما نے ان کی درخواست مسترد کر دی۔
یاد رہے کہ 2018 میں راج پال یادو کو قرضہ لینے اور وقت پر ادائیگی نہ کرنے پر 6 ماہ قید کی سزا سنائی گئی تھی، تاہم 2024 میں ہائی کورٹ نے سزا عارضی طور پر معطل کر دی تھی۔
راج پال یادو نے ایک تاجر سے فلم بنانے کے لیے 5 کروڑ روپے قرضہ لیا تھا، جس کی عدم ادائیگی پر تاجر نے ان کے خلاف عدالتی کارروائی کی تھی۔














