امریکا، برطانیہ اور دیگر ممالک نے ایران و اسرائیل کے سفر پر وارننگ جاری کی ہے۔ سفری مسائل اور کشیدگی کے باعث مختلف ممالک نے شہریوں کو ایران چھوڑنے کی ہدایت دی ہے۔
واشنگٹن ڈی سی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) امریکا اور برطانیہ نے خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر اسرائیل اور ایران کے سفر سے متعلق وارننگ جاری کی ہے۔ امریکی سفارتخانے نے یروشلم سے جاری سیکیورٹی الرٹ میں امریکی شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے سفری منصوبوں پر نظرثانی کریں اور ممکنہ رکاوٹوں کے لیے تیار رہیں۔
لندن: برطانوی دفتر خارجہ نے بھی اسرائیل کے لیے نئی سفری ہدایت جاری کی ہے، جس میں برطانوی شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ کشیدگی کے باعث برطانیہ، بھارت، اٹلی، اسپین اور پولینڈ سمیت کئی ممالک نے اپنے شہریوں کو ایران چھوڑنے کا مشورہ دیا ہے۔
کینبرا: آسٹریلیا نے بھی اپنے شہریوں کو ایران سے جلد روانہ ہونے کی ہدایت کی ہے۔ برطانیہ نے تہران میں اپنا سفارتخانہ عارضی طور پر بند کرتے ہوئے سفارتی عملے کو واپس بلا لیا ہے۔
فضائی سفر پر بھی اثرات مرتب ہوئے ہیں، لوفتھانزا گروپ نے اسرائیل کے لیے دن کے اوقات میں پروازیں چلانے کا اعلان کیا ہے اور ایرانی و عراقی فضائی حدود سے گریز کیا جا رہا ہے۔ بعض پروازوں کی منسوخی کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔











