کراچی میں ڈیجیٹل اسکرینز پر نامناسب ویڈیو نشر ہونے پر ایک ملازم گرفتار، تحقیقات جاری۔
کراچی: (رائیٹ ناوٴ نیوز) گزری پولیس نے ڈیفنس خیابان اتحاد میں ڈیجیٹل ایڈورٹائزنگ اسکرینز پر نامناسب ویڈیو چلنے کا مقدمہ درج کر لیا اور ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق مقدمہ نمبر 56 سال 2026 کمپنی کے لیگل ایڈوائزر شاکر علی کی مدعیت میں دفعہ 292 کے تحت درج کیا گیا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ کمپنی کے آپریشن ڈائریکٹر آصف خان نے اطلاع دی کہ خیابان اتحاد کے قریب نصب اسکرین پر نامناسب ویڈیو چل رہی ہے۔ مدعی نے خود جا کر اسکرین بند کرائی۔ کمپنی کو شبہہ ہے کہ کسی ملازم نے سسٹم تک رسائی حاصل کرکے ویڈیو نشر کی۔
ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے کہا کہ پولیس نے تحقیقات کے دوران کمپنی کے ملازم اکرم کو گرفتار کیا ہے جو کہتا ہے کہ ویڈیو موبائل میں محفوظ تھی اور غلطی سے نشر ہو گئی۔
قبل ازیں شہریوں نے احتجاج کیا، جس پر حکام نے ڈی ایچ اے کی دیگر شاہراہوں پر بھی اسکرینز عارضی طور پر بند کر دیں اور سیکیورٹی آڈٹ شروع کر دیا ہے۔















