خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے عمران خان کی صحت پر تشویش ظاہر کی اور کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے عمران خان کی صحت پر تشویش ظاہر کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے ہمیں قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی۔
سہیل آفریدی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان کے حالات تشویشناک ہیں۔ عمران خان کی صحت کے حوالے سے پوری قوم کو تشویش ہے، ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو ناحق قید کیا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ عمران خان کی بہنوں کو ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی اور ہر منگل کو ان پر کیمیکل والا پانی پھینکا جاتا ہے۔ سہیل آفریدی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی بہنیں ہمارے سروں کا تاج ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سابق وزیراعظم کو جیل میں رکھا گیا ہے اور ان کا علاج بغیر ذاتی معالج کے کیا گیا۔ سہیل آفریدی نے کہا کہ عمران خان کے ساتھ میڈیکل ٹیرارزم کی گئی ہے۔
سہیل آفریدی نے اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی اور علامہ راجا ناصر عباس کی حمایت کی اور کہا کہ ان پر اعتماد کر کے بانی پی ٹی آئی نے ذمہ داریاں دی ہیں۔















