غزہ کے رفح کراسنگ کے جزوی کھلنے پر مزید 25 فلسطینی واپس پہنچے، جبکہ 13 مریض بیرون ملک منتقل ہوئے۔
غزہ: (رائیٹ ناوٴ نیوز) رفح کراسنگ کے جزوی طور پر کھلنے کے بعد فلسطینیوں کی غزہ واپسی کا عمل جاری ہے، گزشتہ شب مزید 25 فلسطینی غزہ پہنچے۔ یہ تیسرا گروپ ہے جو سخت پابندیوں کے باوجود رفح کراسنگ سے گزر کر غزہ پہنچا۔
رات تین بجے غزہ پہنچنے والے افراد کو اسرائیلی سکیورٹی چیک پوائنٹس پر تفتیش اور توہین آمیز رویے کا سامنا کرنا پڑا۔ اس موقع پر کئی جذباتی مناظر بھی دیکھنے کو ملے جب یہ افراد اپنے اہل خانہ سے ملے۔
رفح کراسنگ سے روزانہ تقریباً 150 فلسطینیوں کو غزہ چھوڑنے اور 50 کو داخلے کی اجازت ہوگی۔ اس کراسنگ کو دوبارہ کھولنا امریکا کی ثالثی میں طے پانے والے جنگ بندی معاہدے کا حصہ تھا۔
عرب میڈیا کے مطابق 13 فلسطینی مریضوں کو عالمی ادارہ صحت کے اہلکاروں کے ہمراہ بیرون ملک علاج کے لیے منتقل کیا گیا۔
واضح رہے کہ مئی 2024 میں اسرائیل نے رفح کراسنگ پر قبضہ کرکے اسے بند کر دیا تھا، اب فی الحال صرف وہی فلسطینی واپس آ سکتے ہیں جو جنگ کے دوران غزہ سے باہر گئے تھے۔














