بیرسٹر گوہر نے عمران خان کی بہنوں پر تنقید کرنے والوں کے خلاف پی ٹی آئی کا موقف واضح کیا ہے، پارٹی میں ان کے لیے جگہ نہیں۔
اسلام آباد: (رائیٹ ناوٴ نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ عمران خان کی فیملی پر تنقید پارٹی پالیسی کے خلاف ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بانی پی ٹی آئی کی بہنوں پر جملے کسنے والوں کے لیے پارٹی میں کوئی جگہ نہیں ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ آج پی ٹی آئی کے پارلیمنٹیرینز اور صوبائی اسمبلی ممبران کی بڑی بیٹھک ہوگی جس میں مختلف شعبوں کے پروفیسرز ملکی بہتری پر تفصیلی گفتگو کریں گے، جبکہ عمران خان کی صحت سے متعلق اہم ڈسکشن ایجنڈے میں شامل ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ آٹھ فروری کو ملک گیر شٹر ڈاؤن ہڑتال کی اپیل کی گئی ہے اور پورے پاکستان سے عوام کو احتجاج میں شامل ہونے کی درخواست کی گئی ہے۔ احتجاج پورے ملک میں ہوگا۔
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ آٹھ فروری کو احتجاج رضاکارانہ ہوگا، کسی پر زور زبردستی نہیں کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ آٹھ فروری کا دن جمہوریت کے لیے ایک بڑا سیاہ دن ہے۔















