لاہور میں بسنت کی بحالی کے باعث شہریوں نے سولر پینلز ہٹا کر پتنگ بازی کے لیے جگہ بنالی۔
لاہور: (رائیٹ ناوٴ نیوز)بل آتا ہے آئے، سولر بھاڑ میں جائے، لاہور میں بسنت کی بحالی کے بعد شہریوں میں پتنگ بازی کا جنون اس قدر بڑھ گیا ہے کہ کئی علاقوں میں لوگوں نے اپنی چھتوں سے سولر پینلز عارضی طور پر ہٹا دیے ہیں۔ چھتوں پر بسنت منانے کے لیے جگہ کی قلت کے باعث یہ اقدام کیا گیا ہے۔
اندرون لاہور، ٹکسالی گیٹ، گوالمنڈی، مزنگ اور شالامار کے علاقوں میں چھتوں کی کمی کے باعث بعض گھروں کی چھتیں لاکھوں روپے میں کرائے پر دی جا رہی ہیں۔ شہریوں نے بجلی کے بل کی پرواہ کیے بغیر بسنت کی خوشیوں کو ترجیح دی ہے۔
لاہور میں بسنت 6 سے 8 فروری تک منائی جائے گی، جس کے لیے حکومت پنجاب نے عام تعطیل کا اعلان کیا ہے۔ پتنگوں کی فروخت اور ہوٹل انڈسٹری میں بھی غیر معمولی سرگرمی دیکھنے میں آ رہی ہے۔
حکومت پنجاب نے بسنت کے دوران حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا ہے، دھاتی اور کیمیکل ڈور پر پابندی عائد کی گئی ہے، اور پولیس، ریسکیو اور ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رکھا گیا ہے۔
تقریباً 25 سال بعد بسنت کی بحالی کو لاہور کی ثقافتی شناخت کی واپسی قرار دیا جا رہا ہے، جس نے ثقافتی جوش و خروش اور تجارتی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔















